قومیں عمارتوں سے نہیں ، کردار سے بنتی ہیں،گورنرسندھ

قومیں عمارتوں سے نہیں ، کردار سے بنتی ہیں،گورنرسندھ

اسکاؤٹس حب الوطنی، نظم و ضبط اور کردار سازی کی عملی درسگاہ ،کامران ٹیسورینوجوانوں کو جدید دور اور اے آئی کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کی ہدایت

کراچی (این این آئی)گورنر سندھ و چیف پیٹرن کامران خان ٹیسوری نے سندھ اسکاؤٹس کی 100 سالہ تقریبات میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی کمیشنر جسٹس (ر) حسن فیروز، سید اختر میر اور اسکاؤٹ لیڈرز نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہ تقریب خدمت، قربانی اور قومی تعمیر کی سو سالہ جدوجہد کی عکاس ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قومیں عمارتوں سے نہیں بلکہ کردار سے بنتی ہیں اور اسکاؤٹس حب الوطنی، نظم و ضبط اور کردار سازی کی عملی درسگاہ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید دور اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کریں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے 10 مئی کو دشمن کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ آج عالمی اخبارات اور میگزین پاکستان کی خارجہ پالیسی اور قیادت کی تعریف کر رہے ہیں اور پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی حکمت عملی سے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی، جس سے پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا۔گورنرنے اس موقع پر کہا کہ گورنر ہاؤس سے آئی ٹی تعلیم، لیپ ٹاپ، موٹر سائیکل اور راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں