تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں ، شرجیل میمن
جہاں جہاں ممکن ہو وہاں متوازی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے ، ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز جلد کیا جائے گا ،سینئر وزیر کراچی جیسے بڑے شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت اور حکومت کی ترجیحات میں شامل،اجلاس
کراچی (این این آئی) سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والے ٹرانسپورٹ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفارسومرو، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبوں پر جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں تعمیراتی مراحل، درپیش چیلنجز، ٹائم لائن اور آئندہ کے اہداف پر روشنی ڈالی گئی۔
اجلاس میں شہر میں متعارف کرائی جانے والی نئی ڈبل ڈیکر بسوں کے حوالے سے بھی مکمل آگاہی دی گئی ۔اس موقع پر سینئر وزیر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں ممکن ہو وہاں متوازی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے تاکہ منصوبے غیر ضروری تاخیر کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوں تاکہ عوام جلد از جلد ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز جلد کیا جائے گا جس سے شہریوں کو جدید سفری سہولت میسر آئے گی، سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید موثر بنے گا۔
کراچی جیسے بڑے شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت اور حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے پنک اسکوٹیز منصوبے کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے میں خواتین کو جلد اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں خودمختار بنانے کی عملی قدم ہے ۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ ای وی بسوں کے نئے روٹس بھی جلد شروع کیے جا رہے ہیں، جس سے نہ صرف عوام کو سستی اور ماحول دوست سفری سہولت ملے گی بلکہ آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔