ٹوبہ :بے نظیر نشوونما پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے اجلاس
70 فیصد نئے اور 40 فیصد فالو اپ ہدف مکمل، معلومات کا ماہانہ ڈیٹا شیئر کرنیکا فیصلہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ ،پیر محل(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر ٹو بہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی زیر صدارت بے نظیر نشوونما پروگرام کا سہ ماہی کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خالد محمود اور بے نظیر نشوونما پروگرام کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے۔اجلاس میں پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور بچوں کے اندراج، پیدائش کے سرٹیفکیٹ اور حفاظتی ٹیکہ جات کے کارڈ میں موجود معلومات کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضلعی فوکل پرسن نے بتایا کہ پروگرام حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور 18 ماہ تک کے بچوں میں نشوونما کی کمی (اسٹنٹنگ)کو روکنے کے لیے چلایا جا رہا ہے ، جس میں 70 فیصد نئے اور 40 فیصد فالو اپ ہدف مکمل ہو چکا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معلومات کا ماہانہ ڈیٹا ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ مستفیدین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے تحصیل پیر محل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اقبال پارک، صحت مراکز، ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اقبال پارک کی دیکھ بھال مستقل بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک 670 گ ب اور 672 گ ب پیر محل کا دورہ کیا ۔وہ زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس بھی گئے اور متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں۔