علی پورچٹھہ:سیوریج ہولز کے ٹوٹے ڈھکن ،حادثات میں اضافہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پور چٹھہ میں ناقص میٹریل کے استعمال سے سیوریج ہولوں کے ڈھکن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے ،ٹریفک حادثات بڑھنے لگے ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ علی پورچٹھہ کی عدم دلچسپی کے سبب شہر مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے ،بلدیہ کی ملی بھگت سے شہر میں سیوریج کے مین ہول ڈھکن انتہائی ناقص میٹریل کے سپلائی کئے جارہے ہیں جن کی وجہ سے تنصیب کے بعد معمولی ٹریفک کا دبائو برداشت نہ ہونے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں جو کہ بعدازاں سنگین حادثات کا باعث بن رہے ہیں،تباہ سیوریج سسٹم کی صفائی نہ ہونے سے گٹر ابل پڑے ہیں،بلدیہ کی عدم دلچسپی سے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے ۔ چیف آفیسر ٹھنڈے کمرے تک محدود ہو گئے ہیں۔ سیوریج ہول ڈھکن کے بغیر شہریوں ، مسافروں اور راہگیروں کی زندگیاں خطرات میں ڈالے ہوئے سر عام موت کو دعوت دے رہے ہیں۔ شہریوں نے سیکرٹری بلدیات ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صورت حال کی بہتری کیلئے فوری احکامات جاری کئے جائیں اور ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے ۔