پسرور کیڈٹ کالج کو بہترین تعلیمی درسگاہ بنایا جائیگا:کمشنر

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ 169 ایکڑ رقبہ پر محیط پسرور کیڈٹ کالج کو علاقہ کی بہترین تعلیمی درسگاہ بنایا جائے گا اور زیر تعلیم کیڈٹ کو صحت مند تعلیمی ماحول، بورڈنگ اور کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ان کی کردار اور شخصیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیاب ہوں اور معاشرے کے مفید شہری ثابت ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسرور کیڈٹ کالج کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، پرنسپل کرنل ریٹائرڈ جاوید علیم، لیفٹیننٹ کرنل عدنان،اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار بھ موجود تھے ۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن سید نوید حیدر شیرازی نے پسرور کیڈٹ کالج کے ہاسٹلز، اکیڈیمی بلاک، لیبارٹری، میس اور کینٹین کا معائنہ کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ نے کیڈٹ کیلئے تیار کئے جانے والے کھانے کو کھا کر چیک کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ اساتذہ کو اپنے فرائض منصبی پوری دیانت داری اور جانفشانی سے انجام دینے ہونگے ، اساتذہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کریں اور کالج میں ضابطہ اخلاق پر ناصرف خود عمل پیرا ہوں بلکہ اسٹوڈنٹس کو بھی سختی سے عمل کرنے کا پابند بنائیں تاکہ وہ نظم و ضبط انکی زندگی کا حصہ بن سکے ۔