حافظ آباد:ڈی سی کی زہریلی مٹھائی کا شکار بچوں کی عیادت
حافظ آباد(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے زہریلی مٹھائی کھانے سے متاثرہ بچوں کی تیمارداری کیلئے چلڈرن ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔
جہاں انہوں نے تمام متاثرہ بچوں کی فرداًفرداًخیریت دریافت کر تے ہوئے انکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا تھا کہ تمام بچوں کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہے ۔چلڈرن ہسپتال لاہور کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم بچوں کا علاج معالجہ کر رہی ہے ۔تمام بچوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے بہتر اور معیار ی علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کی جار ہی ہیں اور اُمید ہے کہ تمام بچے صحت یا ب ہوکر جلد گھر واپس آ جائینگے ۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اس افسوسنا ک واقعہ پر مسیحی خاندانوں کے دکھ، درد میں شامل ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے تمام افسران انکے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔انکاکہنا تھا کہ ہسپتال میں زیر علاج بچوں کوعلاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ اور انکے اہلخانہ کی ہر قسم کی معاونت جاری رہے گی۔