حسین الٰہی کا بھا رتی گولہ باری سے متاثرہ دیہات کا دورہ

ٹانڈہ (سٹی رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و ایم این اے حسین الٰہی نے حلقہ این اے 63 کے متعدد دیہات کا دورہ کیا۔۔
سابق تحصیل ناظم سعادت نواز اجنالہ بھی ہمراہ تھے ۔ انہوں نے ٹانڈہ ،کڑیانوالہ،حاجیوالہ،سرخپور،ڈب ،کوٹلی بھگوان ،کوٹلی پرمانند،قلعہ اسلام نگر میں عمائدین ،سابق بلدیاتی نمائندوں ،مسلم لیگی دھڑوں سے ملاقاتیں کیں ،علاقائی مسائل اور فنڈز کے بلا تفریق تقسیم بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔حسین الٰہی نے بھارتی گولہ باری سے متاثرہ دیہات کوٹلی بھگوان ،کوٹلی پرمانند کا تفصیلی دورہ کیا ، متاثرہ گھروں کا معائنہ کیا اور مکینوں کو امداد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں میرے حلقہ والوں نے بے شمار قربانیاں دیں ،لوگوں کے جانی مالی نقصان کو اپنا نقصان سمجھتا ہوں ،حلقہ کے درجنوں دیہات متاثر ہو ئے جن میں بہت سے لوگ بھی شہید ہوئے ،لوگوں کے گھروں اور مویشیوں کا بھی نقصان ہوا جس کے ازالہ کیلئے حکومت سے بھی مطالبہ کریں گے ، گھروں کی تعمیر اور جانوروں کی مد میں ذاتی گرہ سے مدد کرونگا ۔