گجرات:عطائیوں کا زندگیوں کیساتھ کھلواڑ:فہرستوں کے باوجود انتظامیہ خاموش

گجرات:عطائیوں کا زندگیوں کیساتھ کھلواڑ:فہرستوں کے باوجود انتظامیہ خاموش

گجرات(سٹی رپورٹر )شہر بھر میں عطائی ڈاکٹروں کی بھر مار ہو گئی ،گلی محلوں میں شہریوں کی جانوں سے کھیلاجانے لگا، محکمہ صحت کے حکام فہرستیں موجود ہونے کے با وجود روک تھام میں ناکام ہوگئے ۔

 تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے گلی محلوں میں موجود عطائی ڈاکٹرز نے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنا اور زندگیوں سے کھیلنا شروع کر رکھا ہے جن کو ختم کرنے کیلئے محکمہ ہیلتھ کے افسر اور محکمہ صحت میں موجود انسپکٹرز ناکام نظر آتے ہیں۔ سوسائٹی میں موجود ڈاکٹرز کی رجسٹرڈ تنظیموں نے عطائیت کے خاتمے کیلئے کئی بار آواز بلند کی جن کی شنوائی نہیں ہوئی اور اسی بات کے پیش نظر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا قیام وجود میں آیا۔ محکمہ صحت کے ملازمین اپنے متعلقہ آفیسر ز کی آشیر باد سے اپنے اپنے علاقوں میں بطور عطائی ڈاکٹر عوام کی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کرتے نظر آتے ہیں جن کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔مذکورہ حضرات برسوں سے لوٹ رہے اور لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔جب کوئی انتظامی آفیسر ایکشن کا حکم صادر کرتا ہے تو متعلقہ افسر عطائیت کے خلاف مہم کا ڈھونگ رچا لیتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ سب اچھے کی رپورٹ پیش کر کے بری الزمہ ہو جاتے ہیں۔شہر یوں اور ڈاکٹرز تنظیموں نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور ڈائریکٹر پی ایچ سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عطائیت کے خلاف موثر ایکشن لیتے ہوئے ان کے خاتمے کو یقینی بنائیں اور محکمہ صحت گجرات کے متعلقہ افسر وں کے خلاف محکمانہ کارروائی کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں