گجرات چیمبر کے تحت یوتھ ٹریننگ،لیڈر شپ ڈویلپمنٹ سیشن
گجرات(سٹی رپورٹر)لیڈر شپ ڈویلپمنٹ کمیٹی گجرات چیمبر کے زیر اہتمام یوتھ ٹریننگ اینڈ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ کے موضوع پر ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
چوہدری رخسار میلو سیکرٹری جم خانہ کلب ،عمران وڑائچ، عاکف سعید، مرزا اویس عرفان، مہر عبدالرحمن ایگزیکٹو ممبران گجرات چیمبر آف کامرس ، چوہدری عمران مہدی چیئرمین لیڈر شپ ڈویلپمنٹ کمیٹی اور مختلف کالجز کے طلبہ نے شرکت کی۔ منیر پشاوری صدر گجرات چیمبر نے خطاب میں کہا پاکستان کا اصل سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں ،نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سیکھیں، وقت کی قدر کریں اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ اپنائیں۔ ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور انڈسٹریل سکلز کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے ۔ ہمارا مقصد صرف روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ ایسے نوجوان تیار کرنا ہے جو خود روزگار کے مواقع پیدا کریں، بزنس لیڈرز بنیں، اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔