حکمران عوام میں سیاسی ساکھ کھو چکے :مجسم زرخیز انور
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) انصاف لائرز فورم کے سابق ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ۔۔۔
سیاستدانوں کو دیوار سے لگانے کیلئے عدالتی فیصلوں کا استعمال ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں ، ایک طرف ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے تو دوسری طرف سیاسی عدم استحکام پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہاہے جسکے ذمہ دار موجودہ اتحادی حکمران ہیں ،چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو اکسانے کی کبھی کوشش نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن کے فروغ اور جمہوری اقدار کے تحت سیاسی سرگرمیاں انجام دینے کا درس دیا ،حکمران عوام میں اپنی سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں ، موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے اپنے مفادات کیلئے آج تک عوام کے جذبات ’احساسات کیساتھ کھلواڑ کیا گیا ،موجودہ معاشی بدحالی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دس ’دس سال قید کی سزائیں سنا کر تحریک انصاف کو دبایا یا جھکایا نہیں جا سکتا۔ ایسے ہتھکنڈوں سے کارکنوں کا حوصلہ توڑا نہیں جا سکتا بلکہ وہ مزید مضبوط اور یکجہتی کیساتھ قیادت کیساتھ کھڑے ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی گزشتہ دو سال سے انتقامی کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں جو آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے فارم 47 کی پیداوار حکومت کو پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر شب خون مار کر ملک و قوم پر مسلط کیا گیا اور اب پی ٹی آئی کو سیاسی میدان سے باہر کرنیکی سازش کی جا رہی ہے مگر ہم جابر حکمرانوں کی ہر سازش عوام کی طاقت سے ناکام بنائینگے ۔