ملکوال:اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں معرکہ حق ریلی
ملکوال(سٹی رپورٹر)اگست کا مہینہ ہماری آزادی کے ساتھ ہماری فتح کا مہینہ بھی ہے ، پاکستانی قوم یہ جشن صدیوں تک مناتی رہے گی، ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر ملکوال غزالہ یاسین چدھڑ نے معرکہ حق ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ریلی میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے دشمن ملک کو پیغام دیا ہے کہ وہ جب بھی پاکستان کو للکارے گا جواب میں پاکستانی قوم اور افواج کو یکجا پائے گا جو اسے ناکوں چنے چبوائیں گے ، ریلی میں شہریوں، تاجروں اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے جشنِ آزادی اور پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے بھرپور شرکت کی، معرکہ حق ریلی کا آغاز گورنمنٹ گرلز کالج سے کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر غزالہ یاسین چدھڑنے کی، ریلی میں جماعت اسلامی، مصطفائی تحریک سمیت دیگر سماجی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ تاجر رہنماؤں خواجہ عامر، بلال نیازی، راؤ وکیل الرحمٰن، چودھری راشد، اسد گوندل، سکندر گوندل، خالد میکن، سید فیاض شاہ اور دیگر نے بھی پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا، شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ ریلی کے راستے میں تاجروں اور شہریوں نے شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے والہانہ استقبال کیا۔