سیالکوٹ میں آٹے کی کو ئی قلت نہیں :فلور ملز ایسوسی ایشن
محکمہ خوراک کی زیر نگرانی براہ راست سرکاری ریٹ پر آٹا مارکیٹوں میں پہنچایا جا رہا ڈسکہ، پسرور اور سمبڑیال میں خصوصی مارکیٹس قائم کی گئی ہیں:صدر سلمان چیمہ
پسرور( تحصیل رپورٹر )صدر فلور ملز ایسوسی ایشن سیالکوٹ سلمان چیمہ نے کہا ہے کہ ضلع میں سرکاری ریٹ پر آٹے کی مسلسل فراہمی جاری ہے جس سے شہری مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ آصف باجوہ فلور ملز چاہڑ باجوہ میں ایسوسی ایشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کی نگرانی میں فلور ملز سے براہ راست سرکاری ریٹ پر آٹا مارکیٹوں اور دکانوں تک پہنچایا جا رہا ہے جو 20 کلو کی بوری کیلئے مقررہ قیمت پر دستیاب ہے ۔ یہ اقدام مہنگائی کے بحران سے عوام کو بچانے میں کامیاب ثابت ہو رہا ہے اور پہلی بار پنجاب بھر میں فلور ملز ایسوسی ایشن اور مقامی انتظامیہ کی بہتر حکمت عملی کی بدولت کوئی قلت یا بحران پیدا نہیں ہوا۔ ڈسکہ، پسرور اور سمبڑیال جیسے علاقوں میں خصوصی مارکیٹس قائم کی گئی ہیں، جہاں روزانہ ٹنوں کی مقدار میں آٹا تقسیم ہو رہا ہے جس سے گھریلو استعمال والے خاندان مطمئن ہیں۔ صدر ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں عوام کی کفایت شعاری کو آسان بنانے کا مؤثر قدم ہے اور ضلع بھر میں کوئی شکایت درج نہیں ہوئی۔