غیر قانونی کار شو رومز کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ
بھکاریوں کو کرایہ پر جگہ دینے ، سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروا ئی کی ہدایت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا ماہانہ جائزہ اجلاس چیئرمین وڈپٹی کمشنر نوید احمد اور چیئرمین کرنل عبدالستار (پاک آرمی) کی زیر صدارت ہوا ۔ ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان، صدر گوجرانوالہ چیمبر علی ہمایوں بٹ، اسسٹنٹ کمشنرز، ایف بی آر، کسٹمز، ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، ہائی ویز پولیس، چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز، سول ڈیفنس، گیپکو، انڈسٹریز، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر محکموں کے نمائندہ افسروں نے فورم کو ماہانہ کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ریڑھیوں کی روڈ زسے مخصوص ریڑھی بازاروں میں منتقلی، سروس روڈز اورجی ٹی روڈ پر قائم غیرقانونی کار شو رومز کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور کرنل عبدالستار نے کہا کہ بھکاریوں کو کرایہ پر جگہ دینے والوں اور سہولت کاری کرنے والوں کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اوور لوڈنگ گاڑیوں، ٹرکوں، ڈمپرز، رکشوں کو موقع پر آف لوڈ کیا جائے گا اور مقدمات درج کئے جائیں گے ۔