یوسی 30میںمتعدد گلیوں کا سیوریج بند ،گزرنامحال
سیوریج لائنوں کی صفائی نہ ہونے سے مین ہول ایک ہفتے سے بند ‘جوہڑ بننے لگے
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)یونین کونسل30 سرفراز کالونی کی متعدد گلیوں کا سیوریج سسٹم بند، گٹروں کا پانی گلیوں میں جمع ہونے سے راہگیروں کا گزرنا محال ہوگیا ، گندے پانی سے بیماریاں پھیلنے لگیں۔ بتایا گیا ہے سرفراز کالونی کی گلیوں مسجد گلشن ر سالت سمیت آس پاس کی دیگر گلیوں کے مین ہولز ایک ہفتے سے بند پڑے ہیں، گٹروں کی بندش سے گھروں میں استعمال ہونیوالا پانی نکاسی نہ ہونے سے گلیوں میں کھڑا جوہڑ کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے جس سے سکول کے بچوں، نمازیوںکو گزرنے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ گلیوں میں کھڑے پانی کی بدبو سانس لینا بھی محال ہوگیا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلیوں میں کھڑے گٹروں کے پانی کی وجہ سے چلنا پھرنا محال ہوگیا ہے ،سیوریج لائنوں کی صفائی نہ ہونے سے یہ صورت حال اکثر پیدا ہوجاتی ہے جس کے بعد گنداپانی کئی روز تک گلیوں میں جمع رہتا ہے ۔