2025 میں 11580 طلاق کے دعوے ،5 ہزار میں ڈگری

2025 میں 11580 طلاق کے دعوے ،5 ہزار میں ڈگری

شوہروں پر تشدد ، منشیات کا استعمال ، خرچ نہ دینے ،پہلے شادی شدہ ہونے کے الزامات لو میرج کرنیوالی لڑکیوں کی بڑی تعدادفیملی کورٹس پہنچی،طلاق کی شرح میں اضافہ

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ضلع کی فیملی عدالتوں میں 2025 کے دوران طلاق کے 11580دعوے دائر ہوئے ،فیملی کورٹس نے طلاق کے 5 ہزار سے زائد دعوئوں میں ڈگری جاری کر دی،دعو ئوں میں شوہروں پر تشدد کرنے ،منشیات کا عادی ہونے اور خرچ نہ دینے ،پہلے سے شادی شدہ ہونے سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کئے گئے ،لو میرج کرنے والی لڑکیوں کی بڑی تعداد طلاق کیلئے فیملی کورٹس پہنچی۔ تفصیل کے مطابق 2025 میں گوجرانوالہ کی فیملی کورٹس میں طلاق کے 7149 ، تحصیل نوشہرہ ورکاں کی فیملی کورٹس میں 681 ، وزیر آباد فیملی کورٹس میں 2860 جبکہ تحصیل کامونکے کی فیملی کورٹس میں طلاق کے 890 دعوے دائر ہوئے ۔ عدالتی ذرائع کے مطابق گھر سے فرار ہو کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکیوں کی بڑی تعداد طلاق کے دعوے دائر کرنے والوں میں شامل ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال 2024 میں ضلع بھر کی فیملی کورٹس میں 9 ہزار 609 جبکہ سال 2023 میں 8 ہزار 418طلاق کے دعوے دائر کئے گئے تھے ۔ قانونی ماہرین نے ہر سال طلاق کے بڑھتے رجحان کو معاشرہ کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں