تھانوں کے باہر سائلین سے رقوم بٹورنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ،فہرستیں تیار
ٹائوٹس، نام نہاد سوشل ورکرز اور دیگر مافیا کے گرد گھیرا تنگ ،تمام ایس ایچ اوز فوری ایکشن لیں ، تھانوں میں کسی قسم کی سفارش، رشوت یا دباؤ برداشت نہیں کیا جائیگا:سی پی او ڈاکٹر غیاث گل
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ضلع بھر میں تھانوں کے باہر پولیس کے نام پر پیسے بٹورنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ،سینکڑوں افراد کی لسٹیں تیار ،پولیس نے 10افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے ۔گوجرانوالہ کے تھانوں میں پولیس کے نام پر سائلین سے پیسے لے کر کام کرانے والے ٹائوٹس، نام نہاد سوشل ورکرز اور دیگر مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی۔ اس حوالے سے تمام ایس ایچ اوز کو مشتبہ عناصر کی فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ فوری ایکشن کو یقینی بنایا جا سکے ۔سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ تھانوں میں میرٹ پر کام کرنے والے افسر اور اہلکار ہی تعینات رہیں گے ، اگر کسی افسر یا اہلکار کی ٹا ئوٹس یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایت یا ثبوت سامنے آئے تو سخت کارروائی کی جائیگی ، تھانوں میں کسی قسم کی سفارش، رشوت یا دباؤ برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تھانوں میں ٹائوٹس کے داخلے پر پابندی یقینی بنائیں، سائلین کے کام صرف قانونی طریقہ کار اور میرٹ کے مطابق نمٹائیں اور ٹا ئوٹس کی نشاندہی کر کے فوری رپورٹ کریں۔