علی پور چٹھہ میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع :بلال تارڑ

علی پور چٹھہ میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع :بلال تارڑ

علی پور چٹھہ(تحصیل رپورٹر )ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حلقے کے عوام کی محبت کا قرض اتارنے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور علی پور چٹھہ میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے ۔

 ان کا کہنا تھا کہ این اے 66 اور پی پی 36 کے لیے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے ۔علی پورچٹھہ کے بلدیہ ہال میں حلقہ این اے 66 اور پی پی 36 کے عوامی مسائل کے حل کیلئے عوامی دفتر کا انعقاد کیا گیا جہاں ممبر قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے شہریوں اور سائلین کے مسائل براہِ راست سنے اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ یہ عوامی رابطے کا سلسلہ باقاعدگی سے ہفتہ وار بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر صحافیوں نے علی پور چٹھہ میں پریس کلب کے قیام کا مطالبہ پیش کیا۔ ایم این اے نے کہا کہ اگر تمام صحافی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں تو جلد سرکاری جگہ مختص کرنے اور فنڈز کے اجرا کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ صحافیوں نے نشاندہی کی کہ علی پور چٹھہ میں متعدد سرکاری عمارتیں موجود ہیں جو عرصہ دراز سے استعمال میں نہیں ان میں کلب قائم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں