پنڈی بھٹیاں :حلقہ بندیوں میں‘‘سیاست ’’ شہریوں کا احتجاج
ووٹ بینک بڑھانے کیلئے برسراقتدار سیاستدانوں نے شہری علاقوں کو ‘‘دیہی’’بنا دیا محلہ حسن پورہ اور سکھیکی منڈی کی شہری آبادی بھی دیہی یونین کونسلوں میں شامل
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )بلدیاتی حلقہ بندیاں منظر عام پر آنے کے بعد ان میں بے ضابطگیاں سامنے آنے لگیں ، حلقہ بندیوں میں بر سر اقتدار سیاستدانوں نے شہری آبادیوں کو دیہی یونین کونسلوں میں شامل کر ا دیا جبکہ دیہات کو شہروں میں شامل کر کے اپنے حلقے مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں ۔ پنڈی بھٹیاں شہر کے محلہ حسن پورہ جو سابق وارڈ نمبر 16 کہلاتا تھا کو شہر سے نکال دیا گیا ،اسی طرح سکھیکی کے محلہ حاجی پورہ اور دیگر محلوں کو شہر سے علیحدہ کر کے گاؤں طویل والی کو شہری حدود میں شامل کردیا گیا ہے ، شہری محلوں کو شہر سے نکالنے کا جواز یہ بنایا گیا ہے کہ پٹوار حلقہ کو مدنظر رکھ کر حلقہ بندیاں کی گئی ہیں ، نئی حلقہ بندیوں پر شہریوں کا شدید رد عمل سامنے آرہا ہے اور شہری اس عمل کو بااثر سیاستدانوں کا سیاسی دیوالیہ پن قرار دے رہے ہیں کیونکہ بااثر سیاستدانوں نے ان شہری علاقوں کو شہروں سے جدا کروایا ہے جہاں ان کے دھڑوں کا ووٹ بینک کم ہے ۔