کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا ٹیچنگ ہسپتال گوندلانوالہ کا اچانک دورہ
ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور طبی عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت کمشنر نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے رات گئے گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال گوندلانوالہ کا اچانک دورہ کیا، مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا جن میں ٹراما سنٹر، ایمرجنسی وارڈ، ڈینگی وارڈ، فارمیسی، لیبارٹریز اور مریضوں کے علاج معالجے سے متعلق دیگر انتظامات شامل تھے ۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور تیماداروں سے ملاقات بھی کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج کے معیار بارے دریافت کیا۔ مریضوں اور تیماداروں نے سہولیات کے حوالے سے اپنی آرا سے بھی آگاہ کیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بروقت دیکھ بھال، صفائی ستھرائی کے اعلیٰ انتظامات، ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور طبی عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔