علی پور چٹھہ:کوبر،کوڑے کے ڈھیر،شہریوں کا احتجاج
شاہراہوں پر عارضی صفائی کے علاوہ اندرون علاقے ، گلیاں اور محلے نظر انداز،پلاٹوں میں گندگی سے زندگی اجیرن ، سانس لینا محال ،صفائی کے نا م پر بل نااصافی :شہری
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر ) علی پورچٹھہ میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کے باعث کوڑا کرکٹ اور گوبر کے ڈھیروں سے تعفن پھیلنے لگا جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ گنجان آباد علاقوں اور محلوں میں پلاٹس گوبر اور کوڑے سے اَٹے پڑے ہیں جس کے نتیجے میں مکھی، مچھر اور دیگر حشرات الارض کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔علی پورچٹھہ میں صفائی ستھرائی کے مسائل تاحال حل طلب ہیں۔ شاہراہوں پر وقتی صفائی کے علاوہ اندرونی علاقوں، گلیوں اور محلوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پلاٹس میں جمع گوبر اور کوڑا کرکٹ سے نہ صرف فضا بدبودار ہو چکی ہے بلکہ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی صحت کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کوڑا کرکٹ کے بل جاری کرنا غربت اور بے روزگاری کے شکار عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ شہریوں کے مطابق صفائی کی عملی صورتحال ابتر ہے جبکہ بلوں کی وصولی کے ذریعے مزید پریشان کیا جا رہا ہے جو سراسر ناانصافی ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے مؤثر انتظامات، کھلے پلاٹس کی کلیئرنس اور حشرات الارض کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہر کو گندگی اور بیماریوں سے بچایا جا سکے ۔