سحری‘ افطاری اور تراویح میں بجلی کی مسلسل فراہمی کا فیصلہ
گیپکو ہیڈکوارٹرز میں خصوصی کنٹرول روم قائم،سی ای او نگرانی کریں گے
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر گیپکو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایت کے مطابق رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی اور صارفین کو بجلی کی معیاری، مستحکم اور بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں گیپکو ہیڈکوارٹرز میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں وہ خود دیگر سینئر افسر وں کے ہمراہ موجود رہیں گے اور ترسیلی نظام کی مسلسل نگرانی کریں گے ۔
مزید برآں تمام سب ڈویژنل افسر اپنے متعلقہ گرڈ سٹیشنوں پر موجود ہوں گے جبکہ ایکسینز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز اپنے دفاتر سے بذریعہ زوم رابطے میں رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ریجن بھر میں ڈویژن، سب ڈویژن اور سرکل کی سطح پر 160 ہنگامی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ یہ مراکز تین شفٹوں میں 24 گھنٹے فعال رہیں گے اور کسی بھی فنی خرابی یا شکایت کی صورت میں فوری سروس فراہم کریں گے ۔