سٹی ریلوے سٹیشن کا پلیٹ فارم پارکنگ سٹینڈ میں تبدیل
3 ماہ قبل عمارت میں بنائی گئی ادبی بیٹھک بند ، نشئیوں کے بھی ڈیرے
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)تاریخی اہمیت کے حامل 100 سال پرانے سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت میں قائم ادبی بیٹھک بند جبکہ ریلوے پلیٹ فارم گاڑیوں کے سٹینڈ میں تبدیل ہو گیا جبکہ ریڑھی بانوں نے بھی پلیٹ فارم پر ریڑھی کھڑی کرنا شروع کر دیں ۔بتایا گیا ہے کہ 3 ماہ قبل ضلعی انتظامیہ نے کھنڈر میں تبدیل سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت کی تزئین و آرائش کر کے اس جگہ پر ادبی بیٹھک بنائی تھی جو ابھی تک بند ہے ۔ادبی بیٹھک کے سامنے ریلوے پلیٹ فارم پر گاڑیوں کی پارکنگ قائم ہو چکی ہے ۔ٹرین کی آمد رفت کے وقت گاڑیوں کا وہاں سے گزرنا کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتا ہے ۔محکمہ ریلوے کی جانب سے پلیٹ فارم پر لوہے کے بڑے گارڈر لگا ئے گئے تھے جو وہاں سے ہٹا ئے گئے ہیں اب دوبارہ اس جگہ پر گاڑیاں کھڑی ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ جو لوگ ریلوے پلیٹ فارم پر واک کیلئے آتے تھے انہوں نے بھی آنا چھوڑ دیا ہے جس کیو جہ سے شام ڈھلتے ہی پلیٹ فارم ویرانی کا منظر پیش کرتا ہے ۔ منشیات کے عادی افراد نے اس جگہ کو آماجگاہ بنا رکھا ہے ۔