کوئی طالبعلم وسائل کمی پر تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ، ذوالفقار چیمہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)قائد اعظم ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر سابق آئی جی پولیس ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ۔۔۔
گوجرانوالہ کا کوئی طالبعلم وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہے گا مستحق طلبہ کو تعلیم کے حصول کیلئے پہلے سے زیادہ مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے کیا۔ اس موقع پر سابق آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ، آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ، سابق صدر چیمبر اخلاق بٹ، ملک ظہیرالحق ، شیخ فیصل ایوب، سابق ایم پی اے عبد الروف مغل و دیگر شخصیات موجود تھیں۔ سیکرٹری فاؤنڈیشن مستنصر محمود ساہی نے فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ اس سال ایک کروڑ 30 لاکھ کے تعلیمی وظائف مستحق طلبہ میں تقسیم کئے گئے جن میں سے 102ڈاکٹر بن چکے ہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والوں کو بھی وظائف دئیے جا رہے ہیں اجلاس میں موجود افراد نے ایک کروڑ 61 لاکھ روپے کے عطیات دئیے اور مزید عطیات دینے کا اعلان کیا اس موقع پر آر پی او خرم شہزاد وڑائچ نے کہاذوالفقار چیمہ نے مستحق طلبہ کیلئے قائد اعظم ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا جو پودا لگایا تھا آج وہ سایہ دار درخت بن چکا ہے جس سے سینکڑوں مستحق طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ ہر فورم پر ذوالفقار چیمہ کی خدمات قابل تحسین اور ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی اس امر کا اظہار کیا کہ قائد اعظم ایجوکیشن فائونڈیشن کو مزید مضبوط بنائینگے ۔