اوورسیز پاکستانی اغوا، اے ٹی ایم سے 62لاکھ روپے نکلوا لئے

اوورسیز پاکستانی اغوا، اے ٹی ایم سے 62لاکھ روپے نکلوا لئے

ملزموں نے مختار کو تشدد کا نشانہ بنایا،ایک کروڑ تاوان مانگا ،چنگل سے نکل آیا

پھالیہ (نامہ نگار )تھانہ پھالیہ کے علاقہ گاؤں پنڈی لالہ میں اوورسیز پاکستانی کو مبینہ طور پر اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ملزموں نے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے لاکھوں روپے نکلوا لیے ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ گاؤں پنڈی لالہ کے رہائشی ساؤتھ افریقہ پلٹ مختار احمد نے تھانہ پھالیہ میں درخواست دی کہ وہ 20 فروری کو نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد مسجد سے گھر جا رہاتھا کہ سفید رنگ کی ٹویوٹا یارس (نمبر 759)قریب آ کر رکی۔ گاڑی میں سوار اظہر محمود ، حامد گڈ گور سکنائے دیہہ اور ایک نامعلوم موجودتھا۔ ملزمان نے زبردستی گاڑی میں ڈال لیا اور ایک نامعلوم ڈیرہ پر لے جا کر زنجیروں کے ساتھ درخت سے باندھ دیا۔

اس دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ ملزمان نے اے ٹی ایم کارڈ نکال کر پاس ورڈ مانگا ۔ انکار پر طیش میں آ کر تیز دھار آلے سے پیٹ پر وار کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا،جان بچانے کے لیے پاس ورڈ بتا دیا، جس کے بعد ملزمان نے ایک اکاؤنٹ سے 36لاکھ 80ہزار روپے جبکہ دوسرے کارڈ سے 26لاکھ 50ہزار روپے کسی اکاؤنٹ میں منتقل کر لئے ۔ ملزموں نے مدعی کے موبائل فون سے ان کی اہلیہ کو کال کر کے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا جبکہ ساؤتھ افریقہ میں مقیم دونوں بھائیوں کو بھی فون کر کے تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا۔مدعی کے مطابق ملزم اسے زخمی حالت میں کسی دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ گاڑی کی رفتار کم ہونے پر چھلانگ لگا دی اور بھاگ آیا ۔ تھانہ پھالیہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور زخمی مختار احمد کو تحصیل ہسپتال پھالیہ منتقل کر دیا گیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں