بڈیانہ :افسوسناک واقعہ کے بعد طالبات کی خصوصی کائونسلنگ

بڈیانہ :افسوسناک واقعہ کے بعد طالبات کی خصوصی کائونسلنگ

اے سی سدرہ ستار ، سی ای او ایجو کیشن سعید اصغر ، ماہر نفسیات ، اساتذہ کی شرکت چند روز قبل زیر تعمیر کلاس رومز کا شیڈ گرنے سے آٹھویں کی طالبہ جاں بحق ہو گئی تھی

پسرور،سیالکوٹ (تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بڈیانہ میں حالیہ افسوسناک واقعہ کے بعد طالبات کی ذہنی و نفسیاتی بحالی کیلئے خصوصی کاؤنسلنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ چند روز قبل سکول میں زیر تعمیر کلاس رومز کا ایک شیڈ گرنے سے آٹھویں جماعت کی طالبہ جاں بحق ہو گئی تھی۔اس سلسلے میں منعقدہ سیشن میں اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن سیالکوٹ سعید اصغر، متعلقہ تعلیمی افسر ، اساتذہ کرام اور ماہرِ نفسیات نے شرکت کی۔

ماہرین نفسیات نے طالبات سے انفرادی اور اجتماعی گفتگو کی اور انہیں صدمے سے نمٹنے ، خوف اور بے چینی پر قابو پانے اور معمولات زندگی کی طرف واپس آنے کے لئے رہنمائی فراہم کی۔کاؤنسلنگ سیشن کے دوران طالبات کو سکول کے میدان میں جمع کیا گیا جہاں انہیں ذہنی دباؤ کم کرنے کی عملی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ ماہرین نے طالبات کو یقین دلایا کہ ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے متعلقہ ادارے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جاں بحق طالبہ کی کلاس فیلوز سے خصوصی طور پر اظہار تعزیت کیا گیا اور انہیں صبر و حوصلے کی تلقین کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ طلبہ و طالبات کے محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں