ڈا ؤیونیورسٹی ، متعدی بیماریوں کی جدید لیبارٹری کا افتتاح
حکومت سندھ نے 800ملین دیے ،300ملین سالانہ اخراجات بھی دے گی دیگر صوبوں سے آگے ہونے کے باوجود کاوشوں کو سراہا نہیں جاتا،ڈاکٹر عذرا پیچوہو
کراچی (این این آئی)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں متعدی امراض کی تحقیق و علاج کیلیے جدید امرجنگ انفیکشیئس ڈیزیز لیبارٹری ( ای آئی ڈی آر ایل)کا افتتاح کردیا گیا افتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا، ایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے قائم کی جانے والی یہ جدید لیب صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کی اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ، افتتاح کے موقع پر سیکریٹری صحت طاہر سانگی، سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈز عباس بلوچ ، ڈاؤ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین، پرووائس چانسلرز پروفیسر جہاں آرا حسن ،پروفیسر ساجدہ قریشی ، رجسٹرارڈاکٹر اشعر آفاق ،ڈاکٹر واحد راجپوت،پروفیسر صبا سہیل ،پروفیسر عظمی بخاری ودیگر پروفیسرز بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہاکہ حکومت سندھ نے لیب کے قیام کے لیے 800 ملین روپے فراہم کیے ہیں اور اس کے سالانہ اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی، لیبارٹری کے سالانہ اخراجات کا تخمینہ تقریباً 300 ملین روپے ہے ۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ صحت کے شعبے میں دیگر صوبوں سے آگے ہونے کے باوجود سندھ حکومت کی کاوشوں کو سراہا نہیں جاتا اور نہ ہی دی جانے والی گرانٹس کو نمایاں کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومتِ سندھ نے قومی سطح پر قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف جدید تحقیق کی بنیاد رکھی ہے بلکہ صوبے کو آئندہ وباں اور صحت کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مضبوط بنایا ہے ۔