گورنر ہاؤس میں امیدِ رمضان کے تحت افطار و ڈنر
تقریب میں عمرہ ٹکٹ اور دیگر انعامات کی قرعہ اندازی بھی کی گئی افواجِ پاکستان اور عوام دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،گورنر
کراچی (آئی این پی) سندھ گورنر ہاؤس میں رمضان المبارک کے موقع پر ’’امیدِ رمضان‘‘ کے عنوان سے چوتھے افطار و ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کی عوام ہماری ریڈ لائن ہیں۔ افغانستان میں کارروائیاں ان کیمپوں کے خلاف کی گئیں جہاں سے پاکستان پر دہشت گرد حملے کئے جا رہے تھے ۔ انہوں نے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی سازشوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام مل کر ہر قسم کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ رمضان المبارک کا چوتھا روزہ ایک ساتھ کرنے کی توفیق ملی۔ انہوں نے نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے آئی ٹی کورس سے نوجوان پانچ لاکھ روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔ دنیا اے آئی سے اربوں کما رہی ہے اور ہمیں بھی جدید علوم کی طرف بڑھنا ہوگا۔تقریب میں عمرہ ٹکٹ اور دیگر انعامات کی قرعہ اندازی بھی کی گئی۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر اسکاؤٹس کو سلیوٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں اسکاؤ ٹ ڈے منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے 1947 میں گورنر ہاؤس میں چیف اسکاؤٹ کا حلف لیا تھا۔