آئی جی کی زیر صدارت اجلاس، سکیورٹی سخت کرنیکی ہدایت
حساس تنصیبات اور اہم مقامات کی سیکیورٹی سے متعلق رپورٹس کا جائزہ داخلی و خارجی راستوں پرنگرانی، اسنیپ چیکنگ یقینی بنائی جائے ،جاوید عالم
کراچی (این این آئی)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھوکی زیر صدارت کراچی میں امن و امان اور سیکیورٹی کی مجموعی موجودہ صورتحال سے متعلق اعلی سطح جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی،سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز،ایس پی یو،تمام زونل ڈی آئی جیز،ضلعی ایس ایس پیز اور اے آئی جیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرحد پار امن وامان کی غیر معمولی صورتحال کے بعد موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور ممکنہ خدشات سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حساس سرکاری و نجی تنصیبات اور اہم مقامات کی سیکیورٹی سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ خفیہ معلومات کے تناظرمیں تھانے کی سطح تک عملدرآمد کیلئے جامع ایس او پی ترتیب دی جاچکی ہیں۔
دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر صوبے کے داخلی و خارجی راستوں کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ۔ آئی جی نے کہا کہ کراچی کے ہر ضلع میں کوئیک رسپانس فورس کے دستے ہمہ وقت الرٹ رکھے جائیں۔شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے ۔سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ ضلعی پولیس کو بروقت انٹیلی جنس فراہمی یقینی بنائیں۔تمام افسران حساس تنصیبات اور مقامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دن میں دوبار جنرل ہولڈ اپ اوراسنیپ چیکنگ یقینی بنائیں ۔ افسران بذات خود فیلڈ میں جائیں۔ گداگروں کے خلاف پولیس اقدامات تیزی سے جاری رکھے جائیں۔