سول ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کا فقدان
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ سول ہسپتال میں جدید دور کے باوجود علاج معالجے کی سہولیات کا فقدان برقرار ہے ،
جہاں دور دراز سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین پرچی کے حصول کیلئے لائنوں میں لگنے پر مجبور ہیں۔ ماہِ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی شہریوں کی مشکلات میں کمی نہیں آسکی اور وہ علاج کی غرض سے گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہو کر باری کا انتظار کرتے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال یہ ہے کہ اربوں روپے کے بجٹ اور فنڈز کے دعوؤں کے برعکس عوام بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ شہریوں کو نہ صرف پرچی کے حصول کے لیے ذلیل و خوار ہونا پڑتا ہے بلکہ ہسپتال کے اندر بھی انہیں بیڈز کی کمی، ادویات کی عدم دستیابی اور عملے کے غیر مناسب رویے جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو اس قدیم اور تکلیف دہ نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرچی کے لیے لائنوں میں لگنے کا سلسلہ ختم کیا جائے اور ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس سے مریضوں کو دورانِ علاج ہی پرچی جاری ہو سکے ۔