سندھ بار کونسل نے فنڈز کیلئے باضابطہ درخواست کردی

سندھ بار کونسل نے فنڈز کیلئے باضابطہ درخواست کردی

وکلا کی ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے 200 ایکڑ اراضی الاٹ کی جائے ،وزیراعلیٰ کو خط

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بار کونسل نے حکومت سندھ سے وکلا برادری کے لیے رہائشی اراضی، اسپتال اور ہاسٹل کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی کی باضابطہ درخواست کردی، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کو خط ارسال کیا گیا ہے ۔ سندھ بار کونسل کے وزیر اعلیٰ سندھ کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کابینہ نے صوبے بھر میں اندراج شدہ وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر حکومت سندھ سے مشاورت کی ہے اور تعاون کی درخواست کی ہے ۔ خط کے مطابق سندھ بار کونسل کے لیے کراچی یا اس کے اطراف کم از کم 200 ایکڑ رہائشی اراضی الاٹ کی جائے تاکہ رکن وکلا کے لیے باوقار ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کی جاسکے ۔ مزید کہا گیا ہے کہ کراچی میں کم از کم 3000 سے 5000 مربع گز کا پلاٹ الاٹ کیا جائے اور تعمیراتی کمیٹی کو فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ جدید طرز کا اسپتال تعمیر کیا جاسکے ، جہاں صوبے بھر کے اندراج شدہ وکلا کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ خط میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ شیرین جناح کالونی کراچی میں سندھ بار کونسل کی ملکیت 1233 مربع گز اراضی پر ہاسٹل کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں۔ خط کے مطابق یہ رہائشی سہولت بالخصوص نوجوان وکلا کے لیے ہوگی جو وکالت کے پیشے کے آغاز کے لیے کراچی میں پریکٹس کرنا چاہتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں