بی زیڈ یو میں معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کیلئے پوسٹر نمائش

بی زیڈ یو میں معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کیلئے پوسٹر نمائش

100 سے زائد گروپس نے منصوبے پیش کیے ، مہمانوں کو تفصیلی بریفنگ

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی کے زیر اہتمام طلبہ و طالبات میں معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کے لیے پوسٹر نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ نے مختلف سماجی موضوعات کو پوسٹرز کے ذریعے پیش کیا اور ان کے حل سے متعلق اپنے خیالات بھی شیئر کیے ۔تقریب کا افتتاح ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق زین نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز وڑائچ، ڈاکٹر شبیر گجر، ڈاکٹر صبغہ نور، ڈاکٹر تہمینہ ستار، ڈاکٹر مرید حسین، ڈاکٹر صائمہ افضل اور محمد فاروق بھی موجود تھے ۔مہمان خصوصی نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں اور انہیں عملی میدان کے لیے تیار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشیالوجسٹ معاشرے کی محرومیوں کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ چیئرمین ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق نے کہا کہ شعبہ سوشیالوجی معاشرتی مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہے اور آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ تقریب میں 100 سے زائد گروپس نے اپنے منصوبے پیش کیے اور مہمانوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں