عید الفطر قریب آتے ہی خریداروں کا بازاروں ‘ سٹالز پر رش
مہنگائی سے کم آمدن والے طبقے کو مشکلات ‘خواتین کی کاسمیٹکس میں دلچسپی
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)عید الفطر قریب آتے ہی بازاروں ،مارکیٹوں میں خریداری میں اضافہ ہو گیا اور عید کے حوالے سے قائم کئے گئے عارضی سٹالز پر خریداروں کا رش بڑھ رہا ہے ماہ صیام کا آخری عشرہ جاری ہے ہر گزرتے دن کیساتھ رش میں اضافہ ہو رہا ہے مارکیٹوں ’بازاروں میں عید سیزن کمانے کیلئے دکانداروں نے اشیا کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا جسکی وجہ سے کم آمدنی والے طبقے کو عید خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ غریب اور کم آمدنی والا طبقہ نے اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور بالخصوص عید کے موقع پر بڑی مارکیٹوں اور دکانوں پر نرخوں میں اضافہ کے باعث مارکیٹوں میں قائم کئے گئے خصوصی سٹالز سے خریداری کا کام شروع کر دیا جسکی وجہ سے اب ان عارضی سٹالز پر بھی صارفین بالخصوص خواتین کے رش میں اضافہ ہو گیا ہے ۔عید کے قریب آتے ہی بازاروں میں میک اپ اور کاسمیٹکس کی دکانوں پر خواتین کا رش بڑھ گیا ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ عید کے دن خواتین لباس ’سینڈلز ’جیولری ’چوڑیاں اور مہندی کی خریداری شخصیت کو پرکشش بنانے کیلئے کرتی ہیں ۔