امریکا میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا ہہلا دور اختتام پذیر
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو کی میزبانی اور ثالثی میں ہونیوالے اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیر ہوگیا۔
امریکی وزارت خارجہ میں ہونیوالے مذاکرات میں لبنانی وفد کی قیادت امریکا میں لبنان کی سفیرندا حمادہ مواد نے کی جبکہ اسرائیلی وفد کی قیادت امریکا میں اسرائیلی سفیریچیل لیتر نے کی۔
محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مذاکرات بند کمرے میں ہوئے البتہ بات چیت سے قبل فریقین کے سفیر میڈیا سے کچھ دیر گفتگو بھی کی، مذاکرات سے متعلق تفصیلات میڈیا کو جلد ہی پیش کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی 2 ہفتے کی جنگ بندی کے پہلے ہی روز اسرائیل نے لبنان پر اب تک کے سب سے بڑے فضائی حملے کیے تھے۔
ان حملوں میں اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جن میں جاں بحق افراد کی تعداد 250 سے بھی زائد ہوگئی ہے۔
جس پر ایران اور پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لبنان پر حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں، فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک بھی جنگ بندی کا دائرہ کار لبنان تک چاہتے ہیں۔