پو لیس مقابلوں کے دوران 6ملزم زخمی حالت میں گرفتار
صدر گوجرانوالہ ، پیپلز کالونی،باغبانپورہ ،احمد نگر ، جنا ح روڈ ، نو شہرہ میں مقابلے
گوجرانوالہ، نو شہرہ ورکاں (کرائم رپورٹر) مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 6 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقہ میں منشیات فروش ہنی پولیس ناکہ دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران موٹرسائیکل ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں وہ زخمی ہو گیا۔ پولیس نے گرفتار کر کے قبضہ سے 2240 گرام چرس، رقم اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔ پیپلز کالونی پولیس نے منشیات فروش شہباز عرف پاچو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو ناکہ سے فرار ہوتے کھمبے سے ٹکرا گیا تھا۔ ملزم سے 1530 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔تھانہ احمد نگر پولیس نے منشیات فروش مظہر حسین کو گرفتار کیا جو ناکہ سے فرار ہوتے پُل سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے 1460 گرام چرس برآمد کر لی جبکہ اس کا ساتھی ظہیر فرار ہو گیا۔ تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ میں منشیات فروش نیئر حفیظ پولیس ناکہ سے فرار ہوتے کھمبے سے جا ٹکرایا اور زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر کے 1440 گرام چرس برآمد کر لی گئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا جبکہ تھانہ جناح روڈ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش کاشف علی کو گرفتار کر لیا جو پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 1440 گرام چرس برآمد کر لی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔علاوہ ازیں تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس نے کارروائی کے دوران منشیات فروش عابد کو گرفتار کیا جو پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے سیم نالہ کی دیوار سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا۔ ملزم کے قبضہ سے 1220 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ۔‘