صفائی ورکرز ‘ پی ایچ اے اور فوڈ اتھارٹی عملہ کی چھٹیاں منسوخ

صفائی ورکرز ‘ پی ایچ اے اور فوڈ اتھارٹی عملہ کی چھٹیاں منسوخ

سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ حاضری 100 فیصد یقینی بنائیں:ڈپٹی کمشنر

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات پرڈپٹی کمشنر نوید احمد کے زیرصدارت عیدالفطر کے موقع پر انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں عید کے موقع پر شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بلاتعطل سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم اداروں بشمول واسا، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر رکھے جائیں اور سیوریج کے مسائل کو بروقت حل کیا جائے ۔ بارش کی صورت میں نکاسی آب کیلئے بھی قبل از وقت مکمل تیاری رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسر وں کو ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ حاضری 100 فیصد یقینی بنائیں اور شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈی سی نے ریسکیو 1122اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو بھی عیدالفطر کے حوالے سے جامع ایمرجنسی پلان مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں