حافظ آباد :سیوریج منصوبوں پر 24گھنٹے کام کرنیکا حکم
کم و بیش 50سال تک شہر کے سیوریج مسائل حل ہو جائینگے :سائرہ تارڑ ‘عبد الرزاق
حافظ آباد (نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )وزیراعلیٰ کی کوارڈنیٹر ایم این اے سائرہ افضل تارڑ اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کئے جانیوالے سیوریج کے میگا پراجیکٹس کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے تا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں نکاسی آب کے مسائل کا خاتمہ اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں ،افسر وں اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ مون سون بارشوں سے قبل اس سیوریج منصوبہ کو ہر لحاظ سے مکمل ہونا چاہیے تا کہ بارش کے موسم میں نکاسی آب کا کسی بھی جگہ مسئلہ درپیش نہ آئے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے زیر اہتمام سیوریج کے میگا منصوبوں کی پیش رفت کے سلسلہ میں اجلاس کے دوران کیا۔ سائرہ افضل تارڑ اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سیوریج منصوبوں کو کوالٹی کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے نائٹ شفٹ میں بھی کام کیا جائے تا کہ اندرون شہر ان منصوبوں کے تعمیراتی کام بروقت مکمل ہو سکیں۔انکاکہنا تھا کہ ان منصوبوں سے عوامی مشکلات سے بھی انتظامیہ بخوبی آگاہ ہے تا ہم یہ مشکلات اور دشواری چند دنوں تک ہے ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے آئندہ کم و بیش 50 سال تک شہر کے سیوریج مسائل حل ہو جائینگے ۔