علی پورچٹھہ:پلاٹ کچرا کنڈی ،گلیاں پانی میں ڈوب گئیں
مکھی ، مچھر کی افزائش میں اضافہ ،صورتحال بہتر نہ کی تو احتجاج پر مجبور ہونگے :شہری
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )شہر میں صفائی اور نکاسی آ ب کے ناقص انتظامات کے با عث کھلے پلاٹ کچرا کنڈی بن گئے ، گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ شہر کے مختلف محلوں میں پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ، گوبر اور فضلہ کے ڈھیر لگ چکے ہیں جس سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن رہی ہے ۔دوسری جانب نالیوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث کچرا جمع ہو کر بندش پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں معمولی بارش یا پانی کے اخراج سے گلیاں زیر آب آ جاتی ہیں اور آمدورفت شدید متاثر ہوتی ہے ۔ کئی علاقوں میں پانی گھروں کے باہر جمع رہنا معمول بن چکا ہے ۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بلدیہ اور صفائی کمپنی کی جانب سے صرف مین چوک، چوراہوں اور بڑی سڑکوں تک صفائی محدود ہے جبکہ اندرونی گلیوں اور رہائشی علاقوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے صفائی کے منصوبے زمینی حقائق کے برعکس نظر آتے ہیں اور شہری مطمئن نہیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ لائی گئی تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔