سمبڑیال ریلوے پھاٹک کے قریب گندے نالے پر حفاظتی سلیبیں نہ ہونے سے حادثات

 سمبڑیال ریلوے پھاٹک کے قریب گندے نالے پر حفاظتی سلیبیں نہ ہونے سے حادثات

لائٹس نہ ہونے پر رات کو پھاٹک کراس کر کے مڑتے وقت متعدد افراد نالے میں گر کر زخمی ہو چکے ،موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی حادثات کا شکار،شکایات کے با وجود متعلقہ اداروں کی خاموشی

سمبڑیال(سٹی رپورٹر )بابو غلام نبی روڈ سمبڑیال ریلوے پھاٹک کے قریب نالے پر حفاظتی سلیبیں نہ ہونے سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا۔میونسپلٹی مسائل کی طرف توجہ نہ دینے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ بابو غلام نبی روڈ ریلوے پھاٹک کے ساتھ گندے نالے پر سیمنٹ کی سلیبیں نہیں ہیں ،بلدیہ کی لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں رات کو اندھیرا بھی ر ہتا ہے ۔ یہ گنجان آبادی کی اہم گزرگاہ ہے جہاں سے روزانہ ہزاروں شہری، سینکڑوں موٹر بائیکس، گاڑیاں اور پیدل افراد گزرتے ہیں۔

مقامی شہریوں کے مطابق پھاٹک کراس کر کے موڑ مڑتے وقت متعدد افراد نالے میں گر چکے ہیں جبکہ کئی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی حادثات کا شکار ہو چکی ہیں مگر اطلاع دینے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالے پر مضبوط سیمنٹ سلیبیں نصب کی جائیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں