عالم چوک سے لدھیوالہ ،درجنوں کمرشل عمارات بغیر نقشہ تعمیر

عالم چوک سے لدھیوالہ ،درجنوں کمرشل عمارات بغیر نقشہ تعمیر

بلڈنگ انسپکٹر اور فر نٹ مین پر ملی بھگت کے الزامات ،خزانے کو نقصان ، انتظامیہ تماشائی

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )میونسپل کمیٹی لدھیوالہ وڑائچ کے بلڈنگ انسپکٹر اور فرنٹ مین پر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات ،عالم چوک سے لدھیوالہ وڑائچ تک درجنوں کمرشل عمارات بغیر نقشہ کے تعمیر ہو گئیں ،متعلقہ افسر خاموش تماشائی بن گئے ، شہریوں نے جانچ پڑتال کا مطالبہ کر دیا ۔میونسپل کمیٹی لدھیوالہ وڑائچ کے بلڈنگ انسپکٹر ارسلان یوسف چٹھہ اور مبینہ فرنٹ مین احتشام پاشا پر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آ گئے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ عالم چوک سے لدھیوالہ وڑائچ تک مرکزی شاہراہ کے اطراف متعدد کمرشل عمارات بغیر منظور شدہ نقشہ جات تعمیر ہو چکی ہیں جبکہ متعلقہ شعبہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔مقامی شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ کمرشل عمارات کی تعمیر کیلئے قانون کے مطابق نقشہ منظوری فیسوں کی ادائیگی اور دیگر سرکاری تقاضے پورے کرنا لازم ہیں مگر مبینہ طور پر ملی بھگت کے ذریعے تمام ضوابط نظر انداز کیے جا رہے ہیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر عالم چوک سے لدھیوالہ وڑائچ تک تعمیر ہونے والی تمام کمرشل عمارات کا ریکارڈ چیک کیا جائے تو بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آ سکتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں