6 ماہ میں توڑ پھوڑ بھی نا مکمل: ماس ٹرانزٹ منصوبہ سست روی کا شکار

6 ماہ میں توڑ پھوڑ بھی نا مکمل: ماس ٹرانزٹ منصوبہ سست روی کا شکار

جی ٹی روڈ پر ایمن آ باد سے گکھڑ تک 31کلو میٹر پر توڑ پھوڑ جاری ، گیپکو کی تنصیبات نہ ہٹائی جا سکیں ،سیوریج سسٹم کیلئے واسا کا کام ادھورا ،منصوبے میں حائل درخت بھی برقرار

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)اربوں روپے کا ماس ٹرانزٹ میگاپراجیکٹ سست روی کا شکار، ایک سال میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دینے کے باوجودمیگا پراجیکٹ 6ماہ میں توڑ پھوڑ بھی مکمل نہ کر سکا،جی ٹی روڈ پر 31کلو میٹر کا ماس ٹرانزٹ منصوبہ جو ایمن آباد سے گکھڑ تک بننے والی میٹرو سڑک کاحصہ ہے سست روی کا شکار ہو گیا۔پرجیکٹ میں تاخیر کی بڑی وجہ فیڈرل اورپنجاب حکومت کے دیگر محکمے بھی ہیں جن میں سر فہرست گیپکو کی تنصیبات ہیں گیپکو کے بجلی ترسیل کرنے والے پولزاور ٹرانسفارمرز کو تاحال ہٹانے کا کام ادھورا ہے ، گیپکو تنصیبات ہٹانے کی مد میں 85 کروڑ کی ڈیمانڈ کی گئی جس میں 50کروڑ وصول کر لئے تاحال کھمبے نہ ہٹائے جاسکے ۔ واساحکام نے سیوریج سسٹم کیلئے ایک ارب ایک کروڑ کی ڈیمانڈ کی جبکہ 50 کروڑ وصول کر لیا لیکن کام مکمل نہ کیا۔ محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے نے بھی اردگرد سے درخت ہٹانے کی مد میں ساڑھے بائیس کروڑ کی ڈیمانڈ کی اور رقم وصول کرنے کے باوجود کام مکمل نہیں کیا ۔ پراجیکٹ سے قبل عوام کومناسب متبادل راستے نہیں دئیے گئے جسکی وجہ سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں