غیر قانونی آبپاشی پر1000مقدمات کا چالان مکمل
مقدمات کی روزانہ سماعت ہو گی،جرم ثابت ہونے پر تاوان وصول کیا جائیگا
تتلے عالی(نامہ نگار )خریف سیزن میں غیر قانونی آبپاشی پر تتلے عالی سمیت ضلع بھر کے 1000مقدمات کا چالان مکمل، کینال عدالت کو بھجوا دئیے گئے ۔ خریف سیزن میں چاول کی فصل کے کھیتوں پر ہر وقت پانی کی ضرورت ہوتی ہے جس کو پورا کرنے کیلئے کاشتکار بجلی،پٹرول ،ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویل،پیٹر وں سے مہنگی آبپاشی کی بجائے نہروں،راجباہوں ،مائنرز اور ڈسٹری بیوٹریز میں زیر زمین پائپ بچھا کر،کٹ لگا کر،رکاوٹیں کھڑی کرکے غیر قانونی طور پر آبپاشی کرتے ہیں جس سے نہری املاک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے ،گزشتہ سال خریف سیزن میں کینال انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی آبپاشی کرنے پر تھانہ تتلے عالی میں 80سے زائدمقدمات کا اندراج کروایا گیا تھا جس میں600سے زائد عادی پانی چور نامزد تھے اسی طرح ضلع کے دیگر علاقوں کے تھانوں میں 1400سے زائد مقدمات میں ہزاروں کاشتکاروں کو نامزد کیا گیا تھا۔پولیس انتظامیہ کی جانب سے ان میں سے 1000مقدمات کا چالان مکمل کرکے گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کی کینال عدالتوں کو بھجوا د ئیے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کینال عدالت میں مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی اور جرم ثابت ہونے پرملزموں سے بھاری تاوان کی وصولی کی جائیگا۔