گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 9لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم
آلائشیں عوامی مقامات پر پھینکنے اور سری پائے جلانے پر پابندی کر دی گئی
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے جامع پلان تیار کر لیا گیا ۔ ضلعی انتظامیہ اور گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید کے تینوں دن مثالی صفائی یقینی بنانے کیلئے خصوصی میکنزم تشکیل دے دیا ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں عوامی مقامات پر پھینکنے اور سری پائے جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ خلاف ورزی پر دفعہ 144کے تحت 50ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جانوروں کی باقیات مخصوص مقامات کے علاوہ کہیں جمع کرنیوالوں کیخلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی،عید کے دنوں میں تمام انتظامی افسر فیلڈ میں موجود رہیں گے جبکہ صفائی آپریشن کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے بتایا کہ گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 9لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کئے جائیں گے جبکہ ڈویژن بھر کی 750یونین کونسلوں میں صفائی کیمپس قائم ہونگے۔