سندھ میں نصاب تبدیلی کی اطلاعات، منظم سازش ہورہی، جے یوآئی

سندھ میں نصاب تبدیلی کی اطلاعات، منظم سازش ہورہی، جے یوآئی

سرکاری اسکول این جی اوزکو دینے کے اقدامات بھی باعث تشویش، اے جی انصاریتعلیم جیسے حساس شعبے پرتجربات کسی صورت قبول نہیں کئے جائینگے ، اجتماع سے خطاب

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جمعیت علماء اسلام سندھ کے ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت نصاب تعلیم میں متوقع تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جبکہ دوسری جانب سرکاری اسکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کے اقدامات بھی باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے سبحانی مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم جیسے حساس شعبے پر تجربات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی این جی اوز اور بیرونی قوتوں کے دباؤ پر نصاب میں ایسی تبدیلیاں لانے کی کوشش کی جارہی ہے جو ملک کی دینی، نظریاتی اور تہذیبی شناخت کو متاثر کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع سے یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ سندھ کے نصاب تعلیم میں تبدیلی کے لیے بیرونی ایجنڈے کے تحت کام کیا جارہا ہے جس کے پیچھے بین الاقوامی این جی اوز کا اثرو رسوخ بھی شامل بتایا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بچوں کی تعلیم اور نظریاتی بنیادوں پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی فکری اور نظریاتی اساس ہوتی ہے اس لیے نصاب میں کوئی بھی تبدیلی عوام، ماہرین تعلیم، اساتذہ اور مذہبی حلقوں کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کی جانی چاہیے ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے خفیہ یا یکطرفہ فیصلوں کے ذریعے نصاب میں متنازع تبدیلیاں نافذ کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بھرپور عوامی ردعمل سامنے آ ئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں