مراد علی شاہ کا انسداد ریبیز مہم چلانے کا اعلان
انسداد ریبیز ویکسین اور امونیو گلوبیولن کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت آوارہ کتوں کی نس بندی اور ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے ، وزیراعلیٰ
کراچی (این این آئی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ بھر میں انسدادِ ریبیز مہم کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت سندھ آگاہی، بہتر علاج، ویکسین کی فراہمی اور آوارہ کتوں کی آبادی پر موثر کنٹرول کے ذریعے ریبیز سے ہونے والی قابلِ تدارک اموات کے خاتمے کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی اختیار کرے گی۔ وزیراعلی ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریبیز ایک سنگین مگر قابلِ تدارک عوامی صحت کا مسئلہ ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے بروقت علاج، عوامی آگاہی اور موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بھر کے طبی مراکز میں اینٹی ریبیز ویکسین اور امیونوگلوبیولن کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ریبیز کے مثر تدارک کے لیے صحت، بلدیاتی اداروں، ریسکیو سروسز، میڈیا اور سماجی تنظیموں پر مشتمل کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔انہوں نے بلدیاتی اداروں کو شہری اور دیہی علاقوں میں آوارہ کتوں کی آبادی پر کنٹرول کے پروگرام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کے مسئلے کے حل کے لیے عارضی اقدامات کے بجائے انسانی، سائنسی اور پائیدار حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام ریفرل سینٹرز کو مکمل طور پر فعال اور مطلوبہ عملے سے آراستہ رکھا جائے ۔