آئرش سفیر کا دورہ سیالکوٹ چیمبر ،تاجروں سے ملاقاتیں
برنس راوبط ، وفود کے تبادلوں ، مصنو عات کی برآمد کیلئے معاہدے کی تجویز
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان میں آئرلینڈ کی سفیر میری اونیل نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اورتاجر برادری سے ملاقات کی اور باہمی تجارت کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایس سی سی آئی کے صدر احتشام مظہر،ایس وی پی میاں مراد ارشد، وی پی سلیمان شیخ، سابق صدر ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ اور ایگزیکٹو باڈی ممبران نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت 70 کروڑ یورو تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے براہ راست بزنس روابط قائم کرنے ، تجارتی وفود کے تبادلے اور سیالکوٹ کو کھیلوں کے مزید سامان، آلات جراحی، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی مصنوعات برآمد کرنے میں مدد کرنے کیلئے آئرش چیمبر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی۔ میری او نیل نے سیالکوٹ کی مشہور سیلف ہیلپ انڈسٹری کی تعریف کی۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئرش کھیلوں کی بہت سی روایتی اشیا (جیسے ہرلنگ بالز اور گیلک فٹ بال)اور موسیقی کے آلات سیالکوٹ میں پہلے سے ہی بنائے جاتے ہیں اور بڑے آئرش خوردہ فروش اپنا سامان پاکستان سے منگواتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئرلینڈ کی ہائی ٹیک اکانومی پاکستانی کاروباروں کو 350 ملین مضبوط یورپی مارکیٹ کیلئے ایک بہترین گیٹ وے ثابت ہو سکتی ہے ۔ نائب صدر سلمان شیخ نے دونوں طرف سے کاروباری مالکان کو آسانی سے جوڑنے کیلئے باقاعدہ آن لائن میچ میکنگ میٹنگز شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی جس کی آئرش وفد نے بھرپور حمایت کی۔