وزیرآباد :مون سون سے قبل نالوں ، سیوریج کی صفائی
شہری شاپنگ بیگ ،کوڑا کرکٹ کھلے عام یا نالوں میں نہ پھینکیں :ڈی ایم ڈی واسا
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مون سون سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی کر ائیں گے تا کہ بارشی موسم میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ایم ڈی واسا عثمان گھمن نے سیالکوٹ روڈ پر بڑے نالوں کی صفائی کی نگرانی کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ واسا وزیرآباد نے فیصلہ کر رکھا ہے کہ شہر کے چاروں اطراف سے گزرنے والے نالوں کی جدید مشینری کے ساتھ صفائی کر ائی جائے گی پہلے مرحلہ میں سیالکوٹ روڈ پر نالوں اور سیوریج لائنوں کو ہیوی مشینری اور وینچنگ مشینوں کی مدد سے ورکز سخت گرمی میں صاف کر رہے ہیں تا کہ آنے والے بارشی دنوں میں پانی کا نکاس ممکن ہو سکے ۔ڈپٹی ایم ڈی واسا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شاپنگ بیگ ،کوڑا کرکٹ کھلے عام یا نالوں میں نہ پھینکیں بلکہ کچرے کو کوڑے دان میں پھینکیں تا کہ یہ نالوں کی بندش کا سبب نہ بن سکے ۔انہوں نے بتایا کہ اس ماہ شہر کے میں نالوں کی صفائی کے عمل کو مکمل کر لیا جائے گا ۔