چلڈرن ہسپتال کو آئندہ مالی سال تک مکمل ، فعال کردینگے ، کمشنر
متعلقہ فورم میں فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری کارروائی کی ہدایت
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرنے اور معیاری طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کرنے کے لئے چلڈرن ہسپتال کو آئندہ مالی سال تک مکمل و فعال کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں متعلقہ فورم میں فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری کاروائی مکمل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی آلات سے آراستہ بچوں کا یہ خصوصی ہسپتال میں ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور ان ڈور سہولیات، نوزائیدہ بچوں (NICU) اور انتہائی نگہداشت (PICU) کے یونٹس پر مشتمل ہو گا۔
اسکے ساتھ ساتھ یہ ماہر بچوں کے ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ عملے کی دستیابی اور تشخیص اور علاج کے جدید مرکز ہوگا، جس سے نوزائیدہ اور بچوں کی اموات میں کمی اور جدید طبی تحقیق اور تربیت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کے چلڈرن ہسپتال راولپنڈی کے حالیہ دورہ سے متعلقہ فالو اپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔