پاکستان کو مریض کو ٹھیک ہونے میں 8، دنیا میں 3 دن لگتے ، وزیر صحت

  پاکستان کو مریض کو ٹھیک ہونے میں 8، دنیا میں 3 دن لگتے ، وزیر صحت

جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات کا شعبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ،سیمینار سے خطاب

اسلام آباد(نامہ نگار ،آن لائن ) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو مریض کو ٹھیک ہونے میں 8جبکہ دنیامیں3دن لگتے ،جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات کا شعبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے اور حکومت اس کی مؤثر ریگولیشن کے لیے قانون سازی کر رہی ہے ۔اسلام آباد میں جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس شعبے کے لیے تاحال جامع قوانین اور ریگولیشنز موجود نہیں، تاہم وزارت صحت اس حوالے سے قانون سازی پر کام کر چکی ہے اور معاملہ اب وزارت قانون کو بھجوا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں ہربل ادویات سے متعلق ریگولیشنز ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے پاس موجود ہوں گی، جس سے اس شعبے کو ایک باقاعدہ قانونی اور انتظامی فریم ورک مل سکے گا۔ اگر بیماریوں میں اضافے کا یہی رجحان برقرار رہا تو ہر گلی میں ہسپتال بنانے کے باوجود ضرورت پوری نہیں ہو سکے گی، صحت کا موجودہ نظام بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے بجائے مزید دباؤ کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر نے ادویہ سازی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 85 فیصد ادویات مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہیں، تاہم ان کی تیاری کے لیے درکار خام مال اب بھی بیرون ملک سے درآمد کیا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں