محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی انتظامات بہتر کرنیکی ہدایت
لائسنس ہولڈرز جلوسوں کے منظور شدہ روٹس،اوقات کار کی مکمل پابندی کریں،اے ڈی سی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز کا اجلاس ہوا، متعلقہ محکموں کے افسران اور جلوسوں کے منتظمین نے شرکت کی۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی انتظامات، جلوسوں کے مقررہ روٹس، اوقات کار اور ضابطہ اخلاق پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے لائسنس ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ جلوسوں کے منظور شدہ روٹس اور اوقات کار کی مکمل پابندی کریں، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ اجلاس کے اختتام پر لائسنس ہولڈرز نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔