چیف سیکرٹری کا آبائی ضلع صحت کی سہولیات سے محروم

چیف سیکرٹری کا آبائی ضلع صحت کی سہولیات سے محروم

سرکاری ہسپتال ریفر سنٹر بن گئے ، صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی پر شہری پریشان

منڈی بہاؤالدین(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب کے آبائی ضلع منڈی بہاؤالدین میں صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ضلع بھر کی سماجی مذہبی اور سیاسی شخصیات نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق ضلع میں قائم تقریباً 10 دیہی مراکز صحت (RHCs) اور دونوں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (THQ) مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے محض ریفر سنٹرز کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں جس کے باعث مریضوں کو علاج معالجہ کے لیے نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کو کروڑوں روپے کے فنڈز دستیاب ہونے کے باوجود عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر نہیں آ رہیں شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران عطائیت کے خاتمے اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں شکایات کے مطابق ضلع بھر میں 90 فیصد سے زائد میڈیکل سٹورز پر مطلوبہ کوالیفائیڈ عملہ موجود نہیں جبکہ گلی محلوں میں عطائیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے شہریوں کی صحت اور جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔شہریوں، سماجی تنظیموں اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں صحت کی سہولیات کی صورتحال کا فوری جائزہ لیا جائے ، ذمہ دار افسران کا احتساب کیا جائے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں